Facebook Twitter Google RSS
Showing posts with label News. Show all posts
Showing posts with label News. Show all posts

Monday, January 29, 2018

کیوی پھل جگر کی چربی دورکرنے میں معاون


کولاراڈو: 

طبی ماہرین نے کہا ہے کہ اگر خواتین دوران حمل زائد چکنائی والی غذائیں کھاتی ہیں تو اس سے ان کے بچوں پر مضر اثرات مرتب ہوسکتے ہیں اور ان میں موٹاپا اور جگر پر زائد چربی کا مرض (این اے ایف ایل ڈی) سرِفہرست ہیں۔

ماہرین نے اس کے لیے چوہیا کو کیوی پھل، پپیتے اور اجوائن میں موجود ایک اہم مرکب دیا جس میں پائرولو کیونولائن کائنن (پی کیو کیو) پایا جاتا ہے۔ جب چوہیا کو یہ مرکب کھلایا گیا تو اس سے ان کا دودھ پینے والے بچوں میں این اے ایف ایل ڈی سے بچاؤ نوٹ کیا گیا۔
یونیورسٹی آف کولوراڈو کی ماہر کیرن جونشر اور ان کے ساتھیوں نے اپنی ان تحقیقات کو ایک جرنل ’’ہیپاٹولوجی کمیونی کیشن‘‘ میں شائع کروایا ہے۔
واضح رہے کہ این اے ایف ایل ڈی (Non alcoholic fatty liver disease) کی بیماری میں جگر پر دھیرے دھیرے چربی چڑھنا شروع ہوجاتی ہے اور صرف امریکا میں ہی 30 سے 40 فیصد افراد اس سے متاثر ہیں جو شراب نوشی نہ کرنے کے باوجود جگر پر چکنائی سے متاثر ہیں۔ آگے چل کر یہ مرض شدت اختیار کرکے جگر کے کئی امراض کی وجہ بنتا ہے۔
اگر مرغن اور چکنائی سے بھرپور غذائیں بے تحاشا کھائی جائیں تو اس سے موٹاپے، بلڈ پریشر، بلند کولیسٹرول اور دیگر امراض جنم لیتے ہیں اور پھر وہ این اے ایف ایل ڈی کی وجہ بنتے ہیں۔
ماہرین کہتے ہیں کہ نہ صرف ہماری غذا کی اپنی اہمیت ہے بلکہ ہماری ماؤں کی غذا بھی اہمیت رکھتی ہے، جب ہم رحمِ مادر میں ہوتے ہیں۔ دورانِ حمل ماں کی غذا کے بچے پر اچھے یا برے دونوں طرح کے اثرات مرتب ہوتے ہیں بلکہ ماں کی غذا کا اثر بچے اور پوتے یا نواسے پر بھی ہوسکتا ہے۔
ماہرین نے کہا کہ کیوی اور پپیتے میں پایا جانے والا مرکب ’پی کیو کیو‘ ایسی چوہیا کو دیا گیا جب وہ حاملہ تھی اور اسے چکنائی سے بھرپورغذا دینے کے باوجود بھی اس کے بچوں میں فیٹی لیور بیماری بہت کم دیکھی گئی۔ پی پی کیو ایک طرح کا اینٹی آکسیڈنٹ مرکب ہے جو جسم کو فری ریڈیکلز سے بچاتا ہے۔ فری ریڈیکلز ڈی این اے اور دیگر خلیاتی نظام کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔
کولوراڈو یونیورسٹی کے ماہرین نے کہا ہے کہ جو لوگ جگر پر چربی اور چکنائی کے شکار ہیں وہ تازہ کیوی ضرور کھائیں کیونکہ ان کا دیرپا استعمال جگر کو فعال اور چکنائی سے پاک رکھ سکتا ہے۔

Sunday, January 28, 2018

پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں نیوزی لینڈ کو شکست دیکر سیریز جیت لی


ماؤنٹ ماؤنگانوئی: 

پاکستان نے تیسرے ٹی 20 میں نیوزی لینڈ کو 18 رنز سے شکست دیکر سیریز جیت لی۔

نیوزی لینڈ کے شہرماؤنٹ ماؤنگانوئی میں پاکستان اور میزبان ٹیم کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ ہوا۔ پاکستان نے نیوزی لینڈ کوجیت کے لیے 182 رنز کا ہدف دیا ۔ اووپنرزفخر زمان اور احمد شہزاد نے اچھا آغاز کیا لیکن 30 رنز کے مجموعی اسکور پر احمد شہزاد 19 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، 66 کے مجموعی اسکور پر بابراعظم بھی 19 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ فخرزمان نے شاندار46 رنز بنائے اور 106 رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔
گرین شرٹس میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور انجری کا شکار حسن علی کی جگہ عامر یامین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
ٹاس جیت کر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں، ہم یہ میچ جیت کر ٹی 20 سیریز جیتنا چاہتے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ کیوی ٹیم پچ پر گھاس سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے گی، پاکستان کو کم اسکور پرروکنے کی کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 7 وکٹ سے شکست دی تھی جب کہ دوسرا میچ پاکستان نے 48 رنز سے جیت لیا تھا۔

زینب کیس؛ شاہد مسعود کو دعوؤں کا ثبوت پیش کرنے کیلئے 8 بجے تک کی مہلت



سپریم کورٹ نے زینب قتل کیس میں اینکر ڈاکٹر شاہد مسعود کو اپنے دعوؤں کا ثبوت پیش کرنے کیلئے رات 8بجےتک کی مہلت دیتے ہوئے ان کے الزامات پر نئی جے آئی ٹی بھی بنادی ہے، جب کہ زینب کے والد اور وکیل کے میڈیا سے گفتگو کرنے پر پابندی عائد کردی گئی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں 8 سالہ کمسن زینب قتل کیس پرلیے گئے ازخود نوٹس کی سماعت جاری ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منظور ملک پر مشتمل تین رکنی خصوصی بنچ کیس کی سماعت کررہا ہے۔ نجی ٹی وی کے اینکر ڈاکٹر شاہد مسعود،  زینب کے والد محمد امین، جے آئی ٹی کے سربراہ محمد ادریس، آئی جی پنجاب، ڈی جی فرانزک اور 12 سینیئر صحافی عدالت میں پیش ہوگئے۔
عدالتی حکم پر ازخودنوٹس سے پہلے اور بعد میں کیے گئے ڈاکٹر شاہد مسعود کے پروگرام کی فوٹیج چلا دی گئی۔ چیف جسٹس نے اینکر کو کہا کہ جو کچھ آپ نے کہا اسے ثابت بھی کرنا ہے۔ رات کو آپ کا پروگرام دیکھا تو فوری نوٹس لیا تاکہ اتنے الزامات کے بعد ملزم کو قتل نہ کر دیا جائے، اپنے دعوؤں کے ثبوت پیش کریں۔ تاہم ڈاکٹر شاہد مسعود نے زینب کیس کی تفتیش پر بات کرنی شروع کردی۔ انہوں نے کہا کہ آپ جے آئی ٹی سے پوچھیں کہ ملزم نے بچی کو کہاں رکھا، قصور سے پورنو گرافی کی تین سو ویڈیوز منظر عام پر آچکی ہیں، بچی پر تشدد کیا گیا اور اجتماعی زیادتی کی گئی مگر ایک ہی ملزم کو شامل کیا گیا، یہ اس گینگ کو بچانا چاہتے ہیں جس کو انہوں نے پالا ہے، اگر میری بات پہ یقین نہیں تو میں چلا جاتا ہوں۔
چیف جسٹس پاکستان نے غیر متعلقہ باتیں کرنے پر اینکر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ مفروضوں پر بات کر رہے ہیں، یہ تفتیش اور پراسیکیوشن کا معاملہ ہے، آپ نے جن اکاؤنٹس کی بات کی ان کا کوئی وجود نہیں، آپ شہادت پر اعتراض کر رہے ہیں، اپنے الزامات پر رہیں اور اپنے موقف کی حد تک بات کریں اور ایسی بات مت نہ کریں جس سے تفتیش پر اثر پڑے، آپ کو اندازہ نہیں کہ آپ کے اتنے الزامات تفتیش کا رخ تبدیل کر سکتے ہیں، ہم آپ کو جانے نہیں دیں گے، اب ہم اپنی جے آئی ٹی بنا رہے ہیں، سپریم کورٹ کے حکم پر جے آئی ٹی بنی  لیکن آپ اس کے سامنے پیش نہ ہوئے، جو آپ نے بتایا آپ اسے ثابت نہ کرسکے، اب آپ نئی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں۔
شاہد مسعود نے کہا کہ مجھے بات کرنے نہیں دیں گے تو میں چلا جاتا ہوں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ایسا نہیں چلے گا ہم آپ کو جانے نہیں دیں گے، ثبوت پیش کرنے تک آپ یہاں سے جا نہیں سکتے۔ شاہد مسعود نے کہا کہ میں راؤ انوار کی طرح نجی طیارے پر فرار ہو جاؤں گا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ بھاگنے کی کوشش کی تو آپ کا نام ای سی ایل ڈالنے کا حکم دے دیں گے، اگر الزام ثابت ہوا تو آپ کو بہترین صحافی کا اعزاز ملے گا، الزام ثابت نہ کیا تو آپ کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی، کیس کی تحقیقات کرنا آپ کا کام نہیں ، تفتیشی ٹیم کا کام ہے۔
شاہد مسعود نے کہا کہ مجھے کچھ وقت چاہیے، تو چیف جسٹس نے کہا کہ رات 8بجے تک کیس کی سماعت جاری ہے آپ تب تک ثبوت پیش کردیں، آپ کی بات غلط ثابت ہوئی تو توہین عدالت کی سزا بھگتنا ہوگی، آپ کے خلاف انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل ہوں گی اور آرٹیکل 79 کے تحت بھی کارروائی ہوگی۔ چیف جسٹس نے شاہد مسعود کے دعوے کی تحقیقات کیلئے نئی جے آئی ٹی تشکیل دے دی جبکہ زینب کے والد اور وکیل کی میڈیا سے گفتگو پر پابندی عائد کردی۔ عدالت نے زینب کے والد کو ہدایت کی کہ پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
کیس کی جے آئی ٹی کے سربراہ محمد ادریس اپنی تفتیشی ٹیم سمیت عدالت میں پیش ہوئے تو فل بنچ نے استفسار کیا کہ چالان کتنے دنوں میں پیش کر دیا جائے گا۔ تفتیشی ٹیم نے 3 ماہ کی درخواست کی تاہم عدالت نے کیس کا چالان جلد از جلد جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ 90 دن کا وقت نہیں دے سکتے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا عمران ہی اصل ملزم ہے تو جے آئی ٹی نے یقین دہانی کرائی کہ عمران ہی اصل ملزم ہے۔
واضح رہے کہ اینکرشاہد مسعود کی جانب سے انکشاف کیا گیا تھا کہ زینب قتل کیس کے مرکزی ملزم عمران علی کے37 بینک اکاؤنٹس ہیں اور وہ بین الاقوامی گروہ کا کارندہ ہے جب کہ ملزم کے پیچھے کسی بڑی شخصیت یا رکن اسمبلی کا ہاتھ ہے تاہم اسٹیٹ بینک نے اینکرکے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملزم عمران کا کسی بینک میں کوئی اکاؤنٹ نہیں ملا۔

Thursday, January 25, 2018

قصور کا وہ ’بے قصور‘ جسے قاتل سمجھا جاتا رہا


پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ وہ پولیس کے خلاف ان الزامات کی تحقیقات کریں گے جن کے مطابق پولیس نے ایک شخص کو ایک بچی کے قتل کے غلط الزام میں ماورائے عدالت قتل کیا تھا۔
یہ واقعہ گذشتہ برس فروری میں پیش آیا تھا۔
یہ الزامات بی بی سی کے پروگرام نیوز نائٹ میں اس وقت سامنے آئے جب حال ہی میں صوبہ پنجاب کے شہر قصور میں جنسی زیادتی کے بعد قتل کی جانے والی بچی زینب انصاری کے ڈی این اے سے معلوم ہوا کہ ان بچیوں کو مارنے والا شخص ایک ہی ہے۔
پولیس نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ سال فروری میں مدثر نامی شخص گرفتاری کے دوران مزاحمت کی وجہ سے مارا گیا تھا۔
قصور سے تعلق رکھنے والی زینب انصاری کے ریپ اور قتل کے بعد ملک بھر میں پر تشدد مظاہرے دیکھے گئے۔
زینب کیس میں پولیس کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ملنے والا ڈی این اے وہی ہے جو قصور ہی میں دیگر سات بچیوں پر ہونے والے حملوں سے ملا تھا۔
منگل کو یہ معلوم ہوا کہ پولیس نے عمران علی نامی شخص کو 22 جنوری کو قصور سے گرفتار کیا اور پھر صوبہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے لاہور میں ایک نیوز کانفرنس میں اعلان کیا کہ اس کا ڈی این اے زینب کے جسم سے ملنے والے ڈی این اے سے مکمل مطابقت رکھتا ہے اور دعویٰ کیا کہ وہی اس کا قاتل ہے۔
پولیس کے مطابق اس کے ڈی این اے کا نمونہ زینب کے جسم سے حاصل کیے گئے قاتل کے ڈی این اے کے نمونوں سے مطابقت رکھتے تھے جس سے یہ ثابت ہوا کہ ’وہی زینب سمیت ان آٹھ بچیوں پر جنسی حملوں اور قتل کی وارداتوں کا مرکزی ملزم ہے‘۔
ان متاثرہ بچیوں میں پانچ سالہ ایمان فاطمہ بھی تھیں، جنھیں گذشتہ سال فروری میں قصور ہی میں اغوا کرنے کے بعد قتل کر دیا گیا تھا۔
آج تک پولیس اور متاثرہ خاندان یہی سمجھتے رہے کہ یہ معاملہ پہلے ہی حل ہو چکا ہے۔
ایمان فاطمہ
Image captionایمان فاطمہ اہنی والدہ کے ہمراہ
ایمان فاطمہ اپنے گھر کے باہر گلی میں اپنے پانچ سالہ کزن عدیل کے ساتھ کھیل رہی تھیں۔
اپنے والد کے ہمراہ بیٹھے عدیل نے بی بی سی کو بتایا کہ ’اغوا کرنے والے نے مجھے دیوار کے ساتھ کھڑا کیا اور ایمان فاطمہ کو لے گئے۔ وہ اسے اوپر لے گئے، ایک بوری میں ڈالا اور لے گئے۔‘
اس حادثے کے بارے میں عدیل کبھی کبھار بھول جاتے ہیں اور پریشان ہو جاتے ہیں لیکن ان کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ اغوا کے بعد عدیل نے اپنی کم عمری کے باوجود اس گھر کی نشاندہی کی جہاں ان کی کزن کو لے جایا گیا اور بعد میں اس شخص کے بارے میں بھی بتایا۔
وہ مشتبہ شخص 21 سالہ مدثر تھا، جو ایک فیکٹری میں کام کرتا تھا اور تقریباً دو سال پہلے ہی اپنے گھر والوں کے ساتھ قصور آیا تھا۔
اس کے بعد جو کچھ ہوا وہ متنازع ہے۔ پولیس کے ایک بیان کے مطابق مدثر کو مزاحمت کے دوران مارا گیا، جبکہ ایک اور سینیئر پولیس اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ ’اسے حراست میں لیا گیا جہاں اس نے اقبال جرم کیا، اور پھر بھاگنے کی کوشش کرتے ہوئے مارا گیا۔‘
لیکن بی بی سی سے خصوصی طور پر بات کرتے ہوئے مدثر کے گھر والوں کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں پولیس نے یہ جانتے ہوئے اسے مار دیا کہ ’وہ قاتل نہیں تھا کیونکہ وہ اصل مجرم کو تلاش نہیں کر پائے تھے‘۔
پاکستان میں انسانی حقوق کی تنظیمیں پولیس کو ’پولیس انکاؤنٹرز‘ کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بناتی ہیں اور ماورائے عدالت قتل کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ایسا مزاحمت کرنے کی صورت میں ہوا۔
دوسری جانب تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پولیس اکثر ’پولیس انکاؤنٹر‘ اس لیے کرتی ہے کیونکہ پاکستانی عدالتوں میں سزائیں ملنے کی شرح بہت کم ہے۔
مدثر کی والدہ
Image captionمدثر کے گھر والوں کو بعد میں اپنا گھر اور شہر چھوڑنا پڑا

’انھوں نے میرے بیٹے کو مار ڈالا‘

ایمان فاطمہ کی لاش ملنے کے بعد مقامی رہائشیوں نے بظاہر حکام کی جانب سے کوئی قدم نہ اٹھانے پر احتجاج شروع کر دیا تھا۔
جنوری 2017 ہی میں ایک اور پانچ سالہ بچی عائشہ آصف کو بھی جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر دیا گیا تھا۔
مدثر کی والدہ جمیلہ بی بی نے بی بی سی کو بتایا کہ ’ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے میں سب کچھ کھو بیٹھی ہوں۔ انھوں نے میرا بیٹا مار ڈالا۔‘
جمیلہ بی بی نے روتے ہوئے کہا ’ہمارے پڑوس میں رہنے والوں میں سے کوئی ہمارے ساتھ بات تک نہیں کرتا تھا۔‘
اس واقعے کے چند دن بعد مدثر کے گھر والے قصور چھوڑ کر چلے گئے
مدثر کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ جس دن ایمان فاطمہ اغوا اور قتل ہوئی اسی دن مدثر کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔ انھوں نے الزام لگایا کہ اس کے بعد وہ پولیس کے ساتھ گئے اور ایک مقامی ہسپتال سے مدثر کی لاش حاصل کی۔
قصور میں پولیس حکام نے بی بی سی کو بتایا کہ مدثر کی شناخت اس بچی کے کزن عدیل نے بطور مشتبہ شخص کی تھی۔
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ایمان فاطمہ کے ایک رشتے دار نے بتایا کہ پولیس نے انھیں تھانے بلوایا تاکہ وہ مدثر کا قتل کے حوالے سے اقبال جرم سن لیں۔
لیکن بعد میں زینب کے قتل کے بارے میں جاری تحقیقات میں ڈی این اے کا تجزیہ کرنے سے معلوم ہوا کہ مدثر قاتل نہیں تھا۔
گذشتہ سال فروری میں مدثر کے مرنے کے بعد زینب سمیت چار مزید بچیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ان میں سے تین ہلاک ہوگئیں جبکہ ایک اب بھی ہسپتال میں ہے۔ ان بچیوں سے بھی وہی ڈی این اے ملا ہے جو ایمان فاطمہ سے ملا تھا۔
جب وہ الزامات پیش کیے گئے جن کا بی بی سی نے سراغ لگایا تھا تو پنجاب حکومت کے ترجمان ملک احمد خان نے بی بی سی کو بتایا کہ صوبے میں حکام اس کی ’مکمل تحقیقات‘ کریں گے اور ’ماورائے عدالت قتل کرنے والوں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔‘
ایمان فاطمہ کے والد نے بی بی سی کو بتایا تھا: ’میں بہت پریشان ہوں، اصل قاتل اب بھی آزاد گھوم رہا ہے اور ایک معصوم شخص کو مار دیا گیا۔‘
’مجھے پولیس پر اتنا غصہ ہے کہ میں بیان نہیں کر سکتا۔ ہمیں انصاف چاہیے اور ہم چاہتے ہیں کہ اصل مجرم پکڑا جائے۔‘

چیف جسٹس نے ملزم عمران کے 37 فارن کرنسی اکاﺅنٹس کی خبر کا نوٹس لے لیا


اسلام آباد  ، لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے زینب قتل کیس کے مرکزی ملزم عمران کے 37 فارن کرنسی اکاﺅنٹس کی خبر کا نوٹس لے لیا ہے ، چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ ساڑھے 11 بجے کیس کی سماعت کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے مرکزی ملزم عمران کے 37 فارن کرنسی اکاﺅنٹس کے معروف اینکر پرسن ڈاکٹر شاہد مسعود کے دعویٰ کا ازخود نوٹس لے لیا ہے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ اس نئے نوٹس پر سماعت آج (جمعرات کو) ساڑھے 11 بجے سپریم کورٹ رجسٹری لاہور میں کرے گا۔

واضح رہے کہ سینئر تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے اپنے پروگرام میں دعویٰ کیا تھاتھا کہ زینب قتل کیس میں  پنجاب حکومت جھوٹ بول رہی ہے کہ عمران مستری ہے ،میں بیرون ممالک تھا تو وہاں بھی یہ کیس ڈسکس ہوتا رہا اور میں شہباز شریف کے موقف کا انتظار کر رہا تھا، میں چیف جسٹس آف پاکستان کے نوٹس میں یہ بات لاناچاہتاہوں کہ یہ آدمی مستری بھی نہیں ہے اور یہ آدمی ذہنی مریض بھی نہیں ہے ،یہ ایک بین الاقوامی مافیا کا انتہائی فعال رکن ہے جس کو پاکستان کی اعلیٰ اور مضبوط شخصیات کی پشت پناہی حاصل ہے،اس آدمی کے کم از کم 37 بینک اکاؤنٹس ہیں، جس میں اکثریت فارن اکاؤنٹس کی ہے، ان اکاؤنٹس میں بیرون ممالک سے ڈالرز، یورز اور پاؤنڈز کی ٹرانزیکشن کی جاتی ہے اور یہ کروڑوں اربوں کا کھیل ہے، یہ جن بین الاقوامی تنظیموں کے لیے کام کر رہا ہے اس کی مکمل تحقیقات کریں۔

انہوں نے کہا کہ میں جو بات کررہا ہوں وہ انتہائی ذمہ داری سے کر رہا ہوں اس کے 37 بینک اکاؤنٹس ہیں، نہ تو یہ پاگل ہے اور نہ یہ بے وقوف آدمی ہے ، اس کو اہم سیاسی اور غیر سیاسی شخصیات کی حمایت حاصل ہے اور یہ شخص چائلڈ پورنو گرافی کے لیے کام کرتا ہے، بدقسمتی کے ساتھ یورپ ، ایسٹرن یورپ اور باہر کی دنیا میں کچھ پاگل یا ذہنی مریض قسم کی شخصیات ہیں جب وہ نشے میں ہوتی ہیں یا اس قسم کی کیفیت میں ہوتی ہیں تو وہ انٹرنیٹ پر لائیو مناظر دیکھتے ہیں جس میں بچوں پر تشدد ہوتے ہیں، اس سے پہلے واقعات جو قصور میں ہوئے ہیں یہ اکیلا نہیں ہے، میں اس شخصیت کا نام نہیں لیناچاہتا ہے جو اس میں ملوث ہے اس میں ایک وفاقی وزیر کا نام بھی میرے پاس موجود ہے لیکن یہاں میں نام نہیں بتا رہا، اس کی تحقیقات چیف جسٹس آف پاکستان کروائیں، اس کی تحقیقات آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کروائیں، اس کی تحقیقات شاہد خاقان عباسی صاحب کروائیں۔
بشکریہ پاکستان

شاہ رخ خان نے’’پدماوت‘‘ کیوں ٹھکرائی


نئی دلی: 

بھارتی فلم انڈسٹری کی تاریخ کی متنازعہ ترین فلم ’’پدماوت‘‘میں مرکزی کردار کے لیے اداکار شاہد کپور سے پہلے بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کانام فائنل کیا گیا تھا لیکن شاہ رخ خان نے فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔

ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’’پدماوت‘‘بے شمار تناعات اور رکاوٹوں کے بعد بالآخر ریلیز ہو ہی گئی ہے فلم میں اداکارہ دپیکا پڈوکون نے رانی پدمنی، رنویر سنگھ نے علاؤ الدین خلجی اور شاہد کپور نے راجہ راول رتن سنگھ  کا  کردار اداکیا ہے تاہم یہ بات بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ سنجے لیلا بھنسالی  فلم میں شاہد کپور کے کردار کے لیے شاہ رخ خان کو کاسٹ کرنا چاہتے تھےجس کے لیے انہوں نے کنگ خان سے رابطہ بھی کیا تھا لیکن شاہ رخ خان فلم کے معاوضے سے مطمئن نہیں تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق  سنجے لیلا بھنسالی نے شاہ رخ کو راجہ راول رتن سنگھ کے کردار کے لیے 40 سے 50 کروڑ معاوضے کی پیشکش کی تھی لیکن شاہ رخ خان نے اس رول کے لیے اپنی فیس میں دوگنا اضافہ کرتے ہوئے 90 کروڑ کا مطالبہ کیا تھا جو سنجے لیلا بھنسالی کی حد سے باہر تھا۔ شاہ رخ خان کے منع کرنے کے بعد بہت دنوں تک بھنسالی کسی اور اداکار کو اس کردار کے لیے فائنل نہیں کرسکے پھر ان کی نظر شاہد کپور پر آکر ٹہری اور انہوں نے اسکرپٹ میں معمولی تبدیلیاں کرکے اس کردار کی پیشکش شاہد کپور کو کی اور حیرت انگیز طور پر شاہد اس کردار کے لیے 10 کروڑ کے معاوضے پر راضی ہوگئے۔
دوسری جانب بھارتی سنسر بورڈ کی جانب سے ’’پدماوت‘‘کو 25 جنوری کو ریلیز کی اجازت ملنے کے باوجود پورے بھارت میں فلم کی اسکریننگ کے خلاف احتجاج اور مظاہرے جاری ہیں جب کہ بھارت کی چار بڑی ریاستوں راجستھان، مدھیہ پردیش، گجرات اور اترپردیش اس کے علاوہ گووامیں بھی فلم کی ریلیز پر پابندی عائد ہے۔ جب کہ گزشتہ شام  گڑگاؤں میں مشتعل مظاہرین نے اسکول بس پر حملہ کرکے بس کو شدید نقصان پہنچایا تھا جس کے بعد گڑگاؤں اور نوئیڈا میں سات اسکولوں نے آج تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
اس کے علاوہ بھارت کے متعدد شہروں میں بھی ’’پدماوت‘‘کے خلاف مظاہروں اور توڑ پھوڑ کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔ جن ریاستوں میں ’’پدماوت‘‘ آج ریلیز کی جارہی ہے وہاں سینماؤں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ سینما ہال کے باہر پولیس اور سیکیورٹی اہلکار بھی تعینات ہیں۔


سپریم کورٹ نے 24 منرل واٹر کمپنیوں کے پانی کی فروخت پر پابندی لگا دی


سپریم کورٹ نے ملک بھر کی 24 منرل واٹر کمپنیوں کے پانی کی فروخت پر پابندی لگا دی۔


چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران منرل واٹر کمپنی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل ادارے کی جانب سے فراہم کیا جانے والا پانی صحیح ہے، عدالت پی سی ایس کیو اے کی رپورٹ منگوالے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہم رپورٹ منگوا لیں گے، کمپنی اس زعم میں نہ رہے کہ بڑا وکیل کرنے سے ریلیف مل جائے گا، کمپنی کے وکیل بڑی فیس لیتے ہیں لیکن بڑی فیس لے کر ریلیف لینا ان کا حق نہیں، کمپنیوں کو اس بات کا ادراک ہونا چاہیے کہ گندہ پانی فروخت نہیں کرنا، ہمیں قوم اور بچوں کے مفاد کو دیکھنا ہے، جب تک صاف پانی کی تسلی نہ ہو فروخت کی اجازت نہیں دیں گے۔
سپریم کورٹ نے ملک کی 24 منرل واٹر کمپنیوں کو پانی کی فروخت سے روکتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردی۔

کراچی سب سے سستا اور لاہور مہنگا ترین شہر قرار

کراچی: 

اسٹیٹ بینک نے کراچی کو ملک کا سب سے سستا اور لاہور کو مہنگا ترین شہر قرار دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مہنگے اور سستے ترین شہر کی رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق اشیائے صرف سمیت دیگر ضروریات زندگی کی قیمتوں کے حوالے سے ملک کے تجارتی و کاروباری حب کراچی کوسب سے سستے شہر کی فہرست میں پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دسمبر 2017کے دوران لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور کے مقابلے میں کراچی میں مہنگائی کی شرح کم رہی جب کہ اسی دورانیے میں لاہور مہنگائی کے لحاظ سے دیگر بڑے شہروں پر بازی لے گیا، لاہور میں مہنگائی کی شرح 6.6فیصد، اسلام آباد میں 5.6فیصد، پشاور میں 4.4فیصد، کوئٹہ میں 4.6فیصد رہی۔
رپورٹ کے مطابق دسمبر 2017کے دوران کراچی میں اوسط مہنگائی میں 3.1فیصد اضافہ ہوا جب کہ دیگر بڑے شہروں کا اوسط 4.6فیصد رہا ہے۔

Tuesday, January 23, 2018

زینب کے قاتل جنسی درندے کی تصویر بھی سامنے آگئی، دیکھ کر آپ بھی غصے سے لال ہوجائیں گے



قصور: زیادتی کے بعد بے دردی سے قتل ہونے والی 8 سالہ کمسن زینب کا مبینہ قاتل گرفتار کرلیا گیا۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق قصور میں 8 سالہ بچی زینب کے قتل کا مرکزی ملزم عمران گرفتارکرلیا گیا ہے۔ گرفتار کیے جانے والے شخص کا ڈی این اے میچ کرگیا ہے۔ ملزم قصورمیں ہونے والے ہنگاموں کے دوران ہی پہلے پاک پتن فرار ہوا جس کے بعد وہ عارف والا چلا گیا تھا جبکہ اس نے اپنی داڑھی بھی منڈھوا لی تھی۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار ملزم نے جرم کا اعتراف بھی کرلیا ہےجوزینب کا پڑوسی ہے اورکورٹ روڈ کا رہائشی ہے۔ اس سے قبل بھی ملزم کو پولیس کی جانب سے گرفتار کیا گیا تھا تاہم بعد میں چھوڑ دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ قصورمیں 8 سالہ بچی زینب کو اغوا اورزیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد اسے قتل کردیا گیا تھا، بچی کی لاش کچرا کنڈی سے ملی تھی جس کے بعد ملک بھرمیں زینب کے اہل خانہ کوانصاف کی فراہمی کے لیے احتجاج کیا گیا تھا۔
 ملزم کو کچھ روز پہلے ہی پاکپتن سے حراست میں لیا گیا تھا۔ اب ملزم کی شناختی کارڈ پر درج تفصیلات بھی منظر عام پر آگئی ہیں۔ شناختی کارڈ کے مطابق ملزم کا نام عمران علی ولد ارشد ہے جس کا شناختی کارڈ نمبر 3510274598347 ہے ۔ ملزم محلہ روڈ کوٹ قصور کا رہائشی ہے اور زینب کے گھر کے قریب ہی رہتا ہے۔ ملزم کی ایک تصویر بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں اس نے سر پر پگڑی پہن کر تصویر بنوائی ہوئی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کا پیمرا کو ساحر لودھی کیخلاف قانونی کارروائی کا حکم


لاہور: 

ہائی کورٹ نے ساحر لودھی کے مارننگ شو میں کم عمر بچیوں کے ناچ گانے پر پابندی کے لیے دائر درخواست نمٹاتے ہوئے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کو بھجوا دی اور  قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے مارننگ شوز میں کم عمر بچیوں کے ناچ گانے پر پابندی کے لیے دائر درخواست کی سماعت کی۔ عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے پیمرا کو بھجوادی اور تحریری  فیصلہ جاری کرتے ہوئے نگراں ادارے کو حکم دیا کہ درخواست گزار کو سن کر قانون کے مطابق شکایت کا ازالہ کیا جائے۔
گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ میں معروف میزبان و اداکار ساحر لودھی کے مارننگ شو پر پابندی کے لیے دائر درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرلیا گیا تھا۔ درخواست میں وفاقی حکومت، پیمرا، ساحر لودھی اور دیگرکو فریق بنایا گیا تھا۔ درخواستگزار کا کہنا تھا کہ ساحر لودھی کے پروگرام میں کم عمر بچیوں کے ناچ گانے کے مقابلے دکھائے جاتے ہیں، کم عمر بچیوں کا رقص نشر کرنے سے معاشرہ بے راہ روی کا شکار ہورہا ہے جس سے قصور جیسے واقعات جنم لے رہے ہیں۔ درخواستگزار نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیمرا ایسے پروگراموں کی نشریات کی روک تھام کے لیے کوئی اقدامات نہیں کررہا، عدالت پیمرا کو ساحرلودھی کے پروگرام میں کم عمر لڑکیوں کے ناچ گانے نشر کرنے پر پابندی کا حکم دے۔
واضح رہے کہ نامور میزبان و اداکار ساحر لودھی گزشتہ کچھ عرصے سے مارننگ شو میں کم عمر بچیوں سے  ناچ گانا کروانے کے حوالے سے شدید تنقید کا شکار ہیں، سوشل میڈیا صارفین نے ساحر لودھی اور ان کے شو پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کاشو معاشرے میں بے راہ روی پھیلانے کا باعث بن رہا ہے، لہٰذا ان کے شو کو بند کیا جانا چاہیے۔

ڈی این اے میچ کرگیا ، قصور میں ننھی زینب کو جنسی درندگی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کرنے والا درندہ پکڑا گیا


قصور (ڈیلی پاکستان آن لائن) قصور میں ننھی زینب کو جنسی درندگی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کرنے والا درندہ پکڑا گیا ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ زینب قتل کیس میں ملوث جنسی درندے کو ڈی این اے میچ ہونے پر پکڑ لیا گیا ہے۔ ملزم زینب کادور کا رشتہ دار ہے اور اس کی عمر 35 سے 36 سال ہے ۔ ملزم پر پہلے بھی بچوں سے جنسی زیادتی کے کچھ الزامات لگے تھے تاہم ملزم کے شیو کرانے کی وجہ سے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے اسے پکڑا نہیں جاسکا۔ واضح رہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آنے والے شخص کی داڑھی نظر آرہی تھی لیکن ملزم نے بعد میں شیو کرالی تھی جس کی وجہ سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اسے گرفتار کرنے میں مشکلات پیش آرہی تھیں۔

سندھ میں آٹے میں پلاسٹک کی ملاوٹ کا انکشاف


کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی کامران اختر نے گندھا ہوا ملاوٹ شدہ آٹا ایوان میں پیش کر کے ایسی حرکت کرنے والی فلور ملز کے خلاف ایکشن کا مطالبہ کر دیا۔ سندھ حکومت نے جواب گول مول کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق آٹے میں پلاسٹک کی ملاوٹ کے بارے میں سوشل میڈیا پر چلنے والی ویڈِیوز کا سندھ اسمبلی میں شور میچ گیا۔ متحدہ کے رکن کامران اختر گوندھا ہوا آٹا اسمبلی لے آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشل فلورز ملز کے آٹے سے ربر نکل رہی ہے۔ کیا چوری شدہ گندم سے ایسا آٹا بنتا ہے۔
ایم کیو ایم رکن اسمبلی کی نشاندہی پر نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ ہم ابھی اس کی جانچ پڑتال کر لیتے ہیں، اس کو چیک کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چیکنگ کا کام تو کے ایم سی کے پاس بھی ہے اور کلچرل ڈیپارٹمنٹ کے پاس بھی ہے، وہ بھی فوڈ کوالٹی چیک کریں۔
دوسری جانب گندا پانی اور ملاوٹ شدہ دودھ پینے والے شہری سوشل میڈیا پر آٹے کی ملاوٹ سے پریشان ہو گئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر آٹے میں ربر کی ملاوٹ والی ویڈیوز نے عوام کو پریشان کر دیا ہے۔ گوندھے ہوئے آٹے سے نکلتے ربر یا چیونگم جیسی چیز کی ویڈیوز دیکھ کر ہر گھر میں تجربے ہونے لگے ہیں اور ہر تجربے کے بعد خوف بڑھتا چلا جا رہا ہے۔
برطانیہ اور امریکا سے اپ لوڈ ہونے والی ویڈیوز نے دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر جگہ بنا لی ہے، جس کا کینیڈا، بھارت اور پاکستان کےعوام خصوصی ہدف بنے لیکن پھر اسی سوشل میڈیا پر صفائی مہم چل پڑی۔
گوندھے ہوئے آٹے سے ربر نکلتا ہے یا پھر یہ پروٹین کی وہ قسم ہے جسے گلوٹن کہا جاتا ہے؟ پاکستان میں اب تک اس کا کوئی واضح جواب نہیں مل سکا لیکن پانی اور دودھ سمیت دیگر بنیادی ضروری اشیاء میں ملاوٹ کا واضح طور پر علم ہونے کے باوجود ایسا خوف کبھی نہیں پھیلا، جو حیرت کا باعث ہونے کے ساتھ مضحکہ خیز بھی ہے۔

Thursday, January 18, 2018

چین نے آلودہ ہوا صاف کرنے والا دنیا کا بلند ترین ٹاور بنالیا


چین میں 100 میٹر بلند ٹاور گندی ہوا جذب کرکے اسے صاف کرکے باہر بھیجتا ہے۔ فوٹو: فائل

بیجنگ: چین میں آلودہ ہوا صاف کرکے اسے صاف حالت میں لانے کےلیے ایک ٹاور بنایا گیا ہے جو نچلی فضا میں موجود ہوا کو بڑی حد تک صاف کردیتا ہے۔
اسے ہوا صاف کرنے والا دنیا کا بلند ترین ’ایئر پیوریفائر ٹاور‘ کہا جارہا ہے جس کی اونچائی 100 میٹر ہے اور اسے چین کے مصروف شہروں میں بڑھتی ہوئی آلودگی اور اسموگ ختم کرنے کےلیے تیار کیا گیا ہے۔
چین میں گاڑیوں اور صنعتوں کی بہتات سے وہاں کے مصروف ترین شہروں میں اسموگ کا مسئلہ گمبھیر ہوچکا ہے جسے درست کرنے کےلیے مختلف طریقوں پر غور کیا جارہا ہے۔  پہلے مرحلے میں صوبہ شانژی کے شہر ژیان میں اسے تعمیر کیا گیا ہے۔ اس کی تیاری اور آزمائش کا کام چینی اکادمی برائے سائنس کے تحت ارضی ماحولیاتی انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین نے کیا ہے۔
ادارے کے سربراہ ساؤ جنجی نے کہا ہے کہ اپنی تنصیب کے بعد ٹاور ایک روز میں ایک کروڑ مکعب میٹر سے زیادہ صاف ہوا خارج کرتا ہے جس کا اثر اس کے ارد گرد 10 مربع کلومیٹر کے علاقے میں محسوس کیا جاسکتا ہے۔ اس طرح یہ اسموگ کی شدت کم کرکے اسے درمیانے درجے تک لاتا ہے۔
ٹاور کے قریب آلودہ ہوا کھینچنے والا ایک نظام نصب ہے جس کا رقبہ ایک فٹ بال گراؤنڈ کا نصف ہے، جس میں شیشے کے گھر (گلاس ہاؤس) کے اندر آلودہ ہوا جاتی ہے جسے ٹاور کا نچلا حصہ اپنی جانب کھینچتا ہے۔ گلاس ہاؤس، شمسی توانائی استعمال کرتے ہوئے ہوا کو گرم کرکے آگے بھیجتے ہیں۔ یہ گرم آلودہ ہوا ٹاور کے اندر سے گزرتی ہے۔ ٹاور کے اندر کئی پرتیں لگائی گئی ہیں جو ہوا کو درجہ بہ درجہ صاف کرتی ہیں اور یوں اس ٹاور کے اندر داخل ہونے والی ہوا بتدریج آگے بڑھتے ہوئے صاف ہوتی رہتی ہے؛ اور آلودگی سے مکمل طور پر پاک ہو کر خارج کردی جاتی ہے۔
ساؤ جنجی کے مطابق ٹاور کے نتائج حیرت انگیز ہیں۔ ان کے مطابق یہ نظام سردیوں میں  بھی چل سکے گا جب روشنی کم ہوتی ہے اور گرین ہاؤس کام نہیں کرتے ہیں۔ شیشے پر ایک کوٹنگ لگائی گئی ہے جو سردیوں میں بھی اسے گرم رکھتی ہے۔
اگلے مرحلے میں شہر میں آلودگی ناپنے والے ایک درجن اسٹیشن بنائے جائیں گے تاکہ اس ٹاور کی کارکردگی معلوم کی جاسکے۔ ماہرین کے مطابق فضا میں بدترین آلودگی اور اسموگ کے موقع پر بھی ٹاور نے آلودگی کو 15 فیصد تک کم کیا۔
ٹاور کو آلودگی کم کرنے والی کم خرچ ٹیکنالوجی قرار دیا جاسکتا ہے۔ دوسری جانب ٹاور کے قریب رہنے والے افراد نے بھی اس کی افادیت کو سراہا ہے۔

اکشے کمار نے سر منڈوانے کی وجہ بتا دی


فلم ’کیساری‘ 2019 میں ہولی کے موقع پر سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ فوٹو: فائل

 ممبئی: بالی ووڈ  میں خطروں کے کھلاڑی کے نام سے پہچانے جانے والے اکشے کمار نے سر منڈوانے کی وجہ بتا دی۔
بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو اکشے کمار خطرناک اسٹنڈ کرنے کی وجہ سے اپنی مثال آپ ہیں لیکن  انہوں ںے حال ہی میں بگ باس کے فائنل میں  اپنے گبجے انداز میں انٹری دے کر سب کو حیران کردیا جس کے بعد  مختلف باتیں سامنے آئی کہ اکشے ہیئر ٹرانسپلانٹ کی وجہ سے گنجے ہوئے لیکن اکشےکمار نے تمام افواہوں کو کچلتے ہوئے اپنے نئے اسٹائل کی وجہ بتا دی۔
بھارتی میڈیا رپوٹس کے مطابق اکشے کمار نے اپنے گنج پن سے متعلق خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اسٹائل انہوں نے فلم ’کیساری‘ کے لیے اپنایا ہے کیوں کہ اس فلم میں انہیں بڑی پگڑی پہننی ہے جوکہ کافی بھاری بھی ہے جسے پہننے میں کافی مشکل پیش آرہی تھی اس لیے انہوں نے گنجا ہونا ہی بہتر سمجھا۔
دوسری جانب فلمی ذرائع کا اکشے کے گنجا ہونے سے متعلق کہنا ہے کہ اکشے کے سر کے بال جھڑ رہے ہیں اور وہ اسی وجہ سے کئی فلموں میں وگ کا بھی استعمال کر رہے تھے اس لیے وہ ہیئر ٹرانسپلانٹ کے لیے جنوبی افریقا جا رہے ہیں اسی لیے وہ گنجے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ فلم ’کیساری‘ میں اکشے کمار کمانڈر حولدار ایشار سنگھ کا کردار ادا کر رہے ہیں جو اکشے کمار اور کرن جوہر مل کر پروڈیوس کریں گے جب کہ فلم 2019ء میں ہولی کے موقع پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی

© 2014 101 Ways For Happy Life. WP WELL WISHES converted by Bloggertheme9. Powered by Blogger.