لاہور ( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 جنوری 2018ء) 2015ءمیں اس وقت کے وزیراعظم نوازشریف نے دعویٰ کیا کہ چنیوٹ میں زمین سے بے تحاشا سونا نکل آیا ہے، اس سونے سے پاکستان کا قرضہ اتار دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے بھی ان ذخائر کو اللہ کا انعام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب ہم کشکول توڑ دیں گے۔ نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں اس حوالے سے گفتگو کی گئی جس میں معروف سائنسدان ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے کہا کہ ہمیں اطلاع دی گئی کہ یہاں سونے کے ذخائر ہیں، جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب منرل کمپنی کو ٹاسک دیا کہ آپ یہاں دیکھیں اور بتائیں کہ کیا صورتحال ہے، پنجاب منرل کمپنی کو میاں منشاءہیڈ کر رہے تھے، وہ کافی عرصہ لگے رہے لیکن چونکہ وہ ٹیکنیکل آدمی نہیں ہیں اس لئے پھر مجھے کہا گیا تو میں نے جواب دیا کہ مجھے ان معاملات کا تجربہ ہے اور میں آپ کا یہ کام اعزازی طور پر کر دیتا ہوں، چنانچہ مجھے پنجاب منرل کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا چیئرمین بنایا گیا، ہم نے مختلف ممالک سے رابطہ کیا اور ان سے پوچھا کہ ہم نے یہاں ڈرلنگ کرنی ہے ہمیں بتائیں کتنا تانبا اور سونا ہے، انہیں ہم نے 28مربع کلومیٹر ایریا کی نشاندہی کی، انہیں ڈرلنگ کا کانٹریکٹ دیا، انہوں نے ڈرلنگ کرکے سیمپل نکالنا تھے، کہ یہاں کیا چیز موجود ہے، انہوں نے ڈرلنگ کی تو انہیں سونا یا تانبا نظر آیا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں کہا گیا کہ پچھلے دو سال کے دوران اب تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ وہ سونا کہاں گیا البتہ یہ ضرور پتہ چلا ہے کہ وہاں ایک بہت بڑے ایریا کو نو گو ایریا ڈکلیئر کر دیا گیا ہے اور ایک غیر ملکی کمپنی، جو شاید سینڈک میں کام کر رہی ہے، وہ وہاں چنیوٹ میں بھی کام کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ بھی سونے کے ذخائر ہیں، لیکن یہاں سے جو سونا سمگل ہوتا ہے اس کے حوالے سے ایڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 93 ملین کا سونا اور غیر ملکی کرنسی سمگل کرنے کی کوشش کی گئی۔
نجی ٹی وی نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا کہ لاہور کا عبدالباسط سونا سمگل کرتے ہوئے ایئرپورٹ پر پکڑا گیا تھا اور عبدالباسط نے دوران تفتیش توفیق عرف تافی بٹ کا نام بھی لیا تھا۔ عبدالباسط توفیق بٹ کی زیر نگرانی ایک گروہ کا حصہ ہے، نجی ٹی وی نے بتایا کہ تافی بٹ کو ملک کی ایک اہم شخصیت کے انتہائی قریب تصور کیا جاتا ہے، توفیق بٹ کی تین دکانوں کے ذریعے سمگلنگ کی جاتی ہے۔
نجی ٹی وی پر آڈیٹر جنرل کی رپورٹ بھی دکھائی گئی جس میں بتایا گیا تھا کہ توفیق بٹ کی لاہور ایئرپورٹ پر مختلف لوکیشنز پر 6 دکانیں ہیں۔ ایڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملزم کے خلاف کاٹی گئی ایف آئی آر کو سول ایوی ایشن نے سنجیدہ نہیں لیا اور غیر قانونی معاملات میں استعمال ہونے پر دکانوں کے ساتھ معاہدہ کینسل نہیں کیا۔ نجی ٹی وی کے میزبان نے بتایا کہ 25 دسمبر کو نوازشریف کی سالگرہ کے موقع پر توفیق بٹ ایک ہزار کا کیک لے کر نوازشریف کومبارکباد دینے آیا۔ پروگرام میں پیپلز پارٹی کے رہنما سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ یہ سب ملی بھگت کا نتیجہ ہے۔ کیا انہیں معلوم نہیں کہ یہ سب ہو رہا ہے، میرا خیال ہے ان کے تحفظ کے بغیر یہ کام ہو ہی نہیں سکتے۔
بشکریہ اردو پوائینٹ





0 comments: